123

82 سالہ ریکارڈ پاش پاش۔۔۔ یاسر شاہ نے شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا

لاہور (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے82سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا ہے ۔32سالہ یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں نائٹ واچ مین سمر وائل کو آﺅٹ کرنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں کم ترین میچز میں 200شکار اپنے نام کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔

یاسر شاہ نے اپنے 33ویں ٹیسٹ میں وکٹوں کی تعداد200کرلی ہے اور ان کی وکٹیں حاصل کرنے کی اوسط 27.93 ہے۔یاسر شاہ اب تک 3 مین آف دی میچز جبکہ 4 مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ پاکستان کے بہترین لیگ سپنر سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ کے پاس ہے جنہوں نے1936ءمیں 36 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔یاد رہے کہ اب تک پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ جب کہ دوسرے نمبر پر بھارت کے آف سپنر روی چندرن ایشون ہیں جنہوں نے 37 میچز میں 200 وکٹیں مکمل کی تھیں۔لیجنڈری قومی فاسٹ باﺅلر وقار یونس نے38میچز میں 200شکار مکمل کیے تھے۔ یاسر شاہ نے آسٹریلیا کےخلاف 2014ءمیں آسٹریلیا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور سابق کینگرو کپتان سٹیو سمتھ ان کے پہلے ٹیسٹ شکار تھے ۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں اپنے کیرئیر کی بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے 184 رنز کے عوض 14 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا تھا اور ایک ٹیسٹ میچ بہترین باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے میں موجودہ وزیر اعظم عمران خان کے ہم پلہ ہوگئے تھے جنہوں نے1982ءمیں سر ی لنکا کے خلاف114رنز دے کر14وکٹیں اپنے نام کی تھیں ۔یاسر شاہ متحدہ عرب امارات میں بھی100ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے باﺅلر بنے ہیں جب کہ یواے ای میں ٹیسٹ میچ میں بہترین باﺅلنگ کا ریکارڈ بھی ان کے نا م ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں